Obedience To Parents || Walidain ki Farman Bardari

 

Obedience to parents  Walidain ki Farman Bardari
Obedience to parents --- Walidain ki Farman Bardari

والدین کی فرمانبرداری

عَنْ أَنَسٍؓ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللّٰه : إِنَّ الْعَبْدَ لَیَمُوْتُ وَالِدَاہُ أَوْ أَحَدُھُمَا وَأَنَّهٗ لَھُمَا لَعَاقٌّ فَلاَ یَزَالُ یَدْعُوْ لَھُمَا وَ یَسْتَغْفِرُ لَھُمَا حَتّٰی یَکْتُبَهُ اللّٰه بَارًّا۔(رواہ البیھقي في الشعب، كذا في المشکاة)

حضورﷺ کا ارشاد ہے کہ جس شخص کے ماں باپ دونوں یا ان میں سے کوئی ایک مرجائے اور وہ شخص ان کی نافرمانی کرنے والا ہو تو اگر وہ ان کے لیے ہمیشہ دعائے مغفرت کرتا رہے، اس کے علاوہ ان کے لیے اور دعائیں کرتا رہے، تو وہ شخص فرماں بردار وں میں شمار ہو جائے گا۔

والدین کی وفات کے بعد بھی بندہ والدین کے فرمانبردار بن سکتاہے!!!

یہ اللہ تعالیٰ کا کس قدرانعام و احسان اور لطف وکرم ہے کہ والدین کی زندگی میں بسا اوقات ناگوار امور پیش آجانے سے دلوں میں میل آجاتا ہے، لیکن جتنا بھی رنج ہو جائے والدین ایسی چیز نہیں جن کے مرنے کے بعد بھی دلوں میں رنج رہے، ان کے احسانات یاد آکرآدمی بے تاب نہ ہو جائے، لیکن اب وہ گئے، اب کیا تلافی ہوسکتی ہے؟ اللہ نے اپنے فضل سے اس کا دروازہ بھی کھول دیا کہ ان کے مرنے کے بعد ان کے لیے دعا کرے ان کی مغفرت کو اللہ سے مانگتا رہے ان کے لیے ایصالِ ثواب جانی اورمالی کرتا رہے کہ یہ ان کی زندگی کے زمانہ میں جو ان کے حقوق ضائع ہوئے ہیں اس کی تلافی کر دے گا اور بجائے نافرمانوں میں شمار ہونے کے فرماں برداروں میں شمار ہوجائے گا۔ یہ اللہ تعالیٰ کا کس قدر احسان ہے کہ ہاتھ سے وقت نکل جانے کے بعد بھی اس کا راستہ کھول دیا۔ کس قدر بے غیرتی اور دلی قساوت ہوگی اگر اس موقعہ کو بھی ہاتھ سے کھو دیا جائے۔ ایسا کون ہوگا جس سے ہمیشہ والدین کی رضا ہی کے کام ہوتے رہے ہوں؟اور ادائے حقو ق میں کوتاہی توکچھ نہ کچھ ہوتی ہی ہے۔ اگر اپنا معمول اورکوئی ضابطہ ایسا مقرر کر لیا جائے جس سے ان کو ثواب پہنچتا رہے تو کس قدر اعلیٰ چیز حاصل ہوسکتی ہے۔

والدین کیلئےحج کرنے کا ثواب

ایک حدیث میں ہے کہ جو شخص اپنے والدین کی طرف سے حج کرے تو یہ ان کے لیے حجِ بدل ہوسکتا ہے ، ان کی روح کو آسمان میں اس کی خوش خبری دی جاتی ہے اور یہ شخص اللہ کے نزدیک فرماں برداروں میں شمار ہوتا ہے، اگرچہ پہلے سے نافرمان ہو۔ ایک اور روایت میں ہے کہ جو شخص اپنے والدین میں سے کسی کی طرف سے حج کرے تو ان کے لیے ایک حج کا ثواب ہوتا ہے اور حج کرنے والے کے لیے نو  (9) حجوں کا ثواب ہوتا ہے۔

والدین کیلئے دعامغفرت کا تحفہ

علامہ عینی ؒ نے ’’شرحِ بخاری‘‘ میں ایک حدیث نقل کی ہے کہ جو شخص ایک مرتبہ یہ دعا پڑھ لیں تو!

دعا:

اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ، رَبِّ السَّمَاوَاتِ وَرَبِّ الْأَرْضِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ، وَلَهُ الْکِبْرِیَآئُ فِيْ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَھُوَ الْعَزِیْزُ الْحَکِیْمُ ۔ لِلّٰهِ الْحَمْدُ رَبِّ السَّمَاوَاتِ وَرَبِّ الْأَرْضِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔ وَلَهُ الْعَظْمَةُفِيْ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَھُوَ الْعَزِیْزُ الْحَکِیْمُ۔ ھُوَ الْمَلِکُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَالَمِیْنَ۔ وَلَهُ النُّوْرُ فِيْ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَھُوَ الْعَزِیْزُ الْحَکِیْمُ۔


اور اس کے بعد یہ دعا کرے کہ:

" یاا للہ! اس کا ثواب میرے والدین کو پہنچا دے، اس نے والدین کا حق ادا کر دیا۔"

ایک اور حدیث میں ہے کہ آدمی اگر کوئی نفلی صدقہ کرے، تو اس میں کیا حرج ہے کہ اس کا ثواب اپنے والدین کو بخش دیا کرے، بشرط یہ کہ وہ مسلمان ہوں کہ اس صورت میں ان کوثواب پہنچ جائے گا اور صدقہ کرنے والے کے ثواب میں کوئی کمی نہ ہوگی۔ (کنز العمال) اس حدیث شریف کے موافق کچھ کرنا بھی نہیں پڑتا۔ جو کچھ بھی کسی موقع پرخرچ کیا جائے اس کا ثواب اپنے والدین کو پہنچا دیا کرے۔

حضرت عبداللہ بن سلامؓ فرماتے ہیں   کہ!

 اس پاک ذات کی قسم جس نے حضورِ اقدسﷺکو حق بات کے ساتھ بھیجا ہے! یہ اللہ کے پاک کلام میں ہے کہ جو شخص تیرے باپ کے ساتھ صلۂ رحمی کرتا ہو تُو اس کے ساتھ قطع رحمی نہ کر، اس سے تیرا نور جاتا رہے گا۔ ایک حدیث میں ہے کہ جو اپنے والدین کی یا ان میں سے ایک کی قبر کی ہر جمعہ کو زیارت کرے اس کی مغفرت کی جائے گی اور وہ فرمانبرداروں میں شمار ہوگا۔

اوزاعی ؒکہتے ہیں کہ!

 مجھے یہ بات پہنچی ہے کہ جو شخص اپنے والدین کی زندگی میں نافرمان ہو، پھر ان کے انتقال کے بعد ان کے لیے استغفار کرے، اگر ان کے ذمہ قرض ہو تواس کو ادا کرے اور ان کو برا نہ کہے، تو وہ فرماں برداروں میں شمار ہو جاتاہے۔  اورجو شخص والدین کی زندگی میں فرماں بردار تھا، لیکن ان کے مرنے کے بعدان کو برابھلا کہتا ہے، ان کاقرض بھی ادا نہیں کرتا، ان کے لیے اِستغفار بھی نہیں کرتا، وہ نافرمان شمار ہوجاتا ہے۔ (دُرِّمنثور)

#Obedience to Parents

#Walidain ki Tabidari

#Prayer for Parents

Post a Comment

0 Comments